مرکز کے زیرانتظام خطہ جموں و کشمیر کے ترال کے ٹاؤن ہال میں بی جے پی کے رہنماؤں اور کارکنان کی جانب ایک میٹنگ منعقد کی گئی۔ اس میٹنگ میں پارٹی کے انچارج برائے کشمیر سنیل شرما، ترجمان الطاف ٹھاکر، ضلع صدر لطیف احمد بٹ، اوتار سنگھ، اقلیتی مورچہ کے صدر جہانگیر احمد، نائب صدر پلوامہ محمد شفیع، ضمیر احمد اور دیگر متعدد رہنماؤں و کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس میٹنگ میں ترال حلقہ میں بی جے پی کو مستحکم کرنے کے لئے حکمت عملی پر غور و خوض کیا گیا۔
اس میٹنگ میں کارکنان کی جانب سے پارٹی کے تعلق سے پوچھے گئے سوالوں کے جوابات بھی دیئے گئے۔ کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے سنیل شرما نے کہا کہ پارٹی کے ایجنڈہ کو گھر گھر پہنچانے کی ضرورت ہے۔انھوں نے بتایا کہ ترال ایک زمانے میں عسکریت پسندوں کا گڑھ تصور کیا جاتا تھا۔ تاہم اب صورتحال اسکے برعکس ہے اور یہ صرف مودی راج میں ہی ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہ بی جے پی کے سامنے این سی یا پی ڈی پی مقابلے میں ہی نہیں ہے کیونکہ ان پارٹیوں کو جواہر ٹنل کے بعد کوئی جانتا ہی نہیں ہے۔ جبکہ بی جے پی دنیا کی سب سے بڑی پارٹی ہے ۔