پلوامہ: پلوامہ کے ایک چھوٹے سے گاؤں کوئیل سے تعلق رکھنے والے ہارون رشید وادی کا پہلے اور واحد والی بال کھلاڑی ہیں جو 21ویں ایشین مینز انڈر 20 والی بال چیمپئن شپ کے لیے آل انڈیا کیمپ میں منتخب ہوئے اور اس ٹورنامنٹ میں حصہ لیے۔ انہیں والی بال میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر بھارت بھر کے مختلف ٹورنامنٹس کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ ہارون جو آل راؤنڈر پوزیشن پر کھیلتے ہیں، سب جونیئر نیشنلز، جونیئر نیشنلز اور اسکول نیشنلز میں کھیل چکے ہیں۔ وہ گزشتہ دو برسوں سے ریاستی ٹیم کے کپتان ہیں۔ ان کی کپتانی میں ٹیم نے جونیئر نیشنلز میں مسلسل 4 میچ جیتے ہیں جو والی بال کے کھیل میں کشمیر میں ایک ریکارڈ ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ہارون کہتے ہیں کہ اپنے چچا سے متاثر ہو کر انہوں نے سنہ 2018 میں اس کھیل کو سنجیدگی سے کھیلنا شروع کیا اور والی بال میں کریئر بنانے کا فیصلہ کیا۔ تاہم ایک میچ میں والی بال کوچ منیر عالم نے انہیں کھیل تے ہوئے دیکھا تو انہوں نے ہارون کو اپنے والی بال کلب لے آئے اور ان کی تربیت کی، یہاں تربیت پاکر ان کا کھیل مزید بہتر ہوگیا۔ انہوں نے کہاکہ' ان کے ضلع میں والی بال کو اچھی قبولیت حاصل ہے۔ وہ وہاں سے والی بال کھیلنے کے لیے مختلف اضلاع جاتے رہتے ہیں۔ ان کے کھیل کو لوگ کافی پسند کرتے ہیں انہیں سراہتے بھی ہیں۔'