ایم سی ترال کے صدر نے عرس انتظامات کا لیا جائزہ پلوامہ (جموں و کشمیر) :میونسپل کمیٹی ترال کے صدر منظور احمد خان نے بدھ کو ایم سی کے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ خانقاہ فیض پناہ ترال کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران افسران نے عرس شاہ ہمدانؒ کے سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر خان نے اراکین اوقاف سے ملاقات کی اور خانقاہ عالیہ کے گرد و نواح میں صفائی ستھرائی اور دیگر ضروری لوازمات کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ عرس شاہ ہمدانؒ کے سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور عقیدت مندوں کی سہولیات کے لیے تمام تر انتظامات کیے جا رہے ہیں جبکہ ٹاؤن میں ٹریفک کی نقل و حمل کو آسان بنانے اور کھانے پینے کے حوالے سے بھی لنگر وغیرہ کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ منظور احمد خان نے اوقاف انتظامیہ کو یقین دلایا کہ ترال میونسپلٹی عرس کے سلسلے میں دن رات کام کرے گی اور زائرین کی سہولت کے لیے افرادی قوت کے ساتھ ساتھ مشینری کو بھی کام پر لگائے گی تاکہ عرس کی سبھی تقاریب احسن طریقے پر منعقد ہو سکیں۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے منظور احمد خان نے بتایا کہ انہوں نے سیکرٹری ایم سی ترال، بشیر احمد، اور دیگر ملازمین کی موجودگی میں عرس انتظامات کا جائزہ لیا ہے جو رواں ماہ کی چوبیس اور پچیس تاریخ کو منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی وہ عرس کی تقریبات میں شامل ہونے کے لیے صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایم سی ترال عرس کے موقع پر مزید کوڈے دان نصب کرے گی۔
واضح رہے کہ امیر کبیر میر سید علی ہمدانی رحمۃ اللہ علیہ کا عرس پاک ہر سال چھ ذو الحجۃ کو منایا جاتا ہے اور خانقاہ فیض پناہ ترال میں اس روز وادی کے قرب و جوار سے لوگ تبرکات سے فیضیاب ہونے کے لیے حاضر ہوتے ہیں۔ میر سید علی ہمدانی کو کشمیر مین بانی اسلام کے لقب سے جانا جاتا ہے کیونکہ انہی کے ہاتھوں سات سو برس کشمیر کی غالب آبادی مشرف بہ اسلام ہوئی تھی۔ میر سید علی ہمدانی کے ساتھ تین تاریخی خانقاہیں منسوب ہیں جو جنوبی کشمیر کے ترال، شمالی کشمیر کے سوپور اور وسطی کشمیر کے سرینگر (خانقاہ معلیٰ) مین واقع ہیں۔
مزید پڑھیں:URS Baba Jalali in Tral: بابا یوسف جلالیؒ کا عرس عقیدت و احترام سے منایا گیا