پلوامہ:میونسپل کمیٹی ترال نے پیر کو خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے عرس پاک کے پیش نظر کوثربل، ترال میں صفائی ابھیان شروع کیا۔ اس موقع پر ترال ٹاؤن کے ساتھ ساتھ زیارت کے آس پاس صفائی ستھرائی کی گئی اور لوگوں کو یقین دلایا گیا کہ عرس مبارک کے سلسلے میں تمام تر ضروری انتظامات وقت پر کیے جائیں گے۔ تاہم عوام سے صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھنے کی تلقین کی گئی۔ Municipal Committee Tral Cleanliness Drive
واضح رہے کہ عرس مبارک ہفتہ کے روز روایتی تزک و احتشام کے ساتھ منایا جائے گا۔ کوثر بل، ترال میں واقع زیارتگاہ میں عرس پاک کے موقع پر نہ صرف علاقہ ترال بلکہ وادی کے اطراف واکناف سے عقیدت مند بڑی تعداد میں شریک ہوتے ہیں اور رات بھر شب بیداری کے بعد صبح تبرکات کی زیارت کی نشاندہی سے فیض یاب ہوتے ہیں۔ Cleanliness Drive Municipal Committee Tral
میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے میونسپل کمیٹی ترال کے صدر، منظور خان، (جن کی سربراہی میں صفائی مہم انجام دی گئی) نے بتایا کہ ’’ایم سی ترال، ٹاؤن کو جاذب نظر بنائے رکھنے کے لیے تمام تر اقدامات کر رہی ہے اور اس بارے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’کوثر بل، ترال میں عرس کے سلسلے میں آج انتظامات کا جائزہ لیا گیا ہے اور زیارت کے آس پاس اسٹریٹ لائٹس کے حوالے سے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ یہاں آنے والے زائرین کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔‘‘ MC Tral holds Cleanliness Drive ahead of Urs Abu Bakr Siddiq