پلوامہ (پلوامہ) :جنوبی کشمیر کے سب ضلع ترال میں تحصیلدار آری پل، جس کے پاس ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کمیٹی (ترال) ترال کا اضافی چارج بھی تھا، کا سرکاری حکمنامے کے تحت تبادلہ کر کے انہیں جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں تعینات کیا گیا ہے۔ تاہم ان کے تبادلے پر ان کی ایم سی ترال سمیت تحصیلدار کے عہدے پر فائز ہونے کے دوران ان کی خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے ایم سی ترال کے عملہ سمیت مقامی باشندوں نے موصوف کے اعزاز میں ٹاؤن ہال ترال میں ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا۔
الوداعی تقریب میں تحصیلدار ترال سجاد احمد، صدر ایم سی ترال منظور خان، بی ڈی او ترال صائمہ رمضان اور بی ڈی او آری پل منیر حسین سمیت دیگر عہدیداروں نے شمولیت کی۔ الوداعیہ میں شامل لوگوں نے عامر سہیل کو ایک بہتر منتظم قرار دیا اور کہا کہ ’’ترال کی جملہ ترقی میں ان کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا کیونکہ انہوں نے قلیل مدت میں ہی پورے علاقے میں اپنی چھاپ چھوڑی ہے اور ان کی تعیناتی کے دوران ترال علاقے میں جملہ ترقی کو پروان چڑھانے کے لیے جس تندہی کے ساتھ انہوں نے کام کیا وہ یقیناََ قابل ستائش ہے۔‘‘