پلوامہ:جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ملہ پورہ علاقے کے باشندوں نے محکمہ بجلی کے خلاف احتجاج درج کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ملہ پورہ میں گزشتہ دو ماہ سے بجلی غائب ہے جس کے سبب لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ احتجاج کر رہے مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران کئی مرتبہ بجلی ٹرانسفارمر خراب ہو گیا جس کی معمولی مرمت کے بعد محکمہ کی جانب سے اسے دوبارہ نصب کیا جاتا ہے جو محض ایک دن میں ہی پھر سے خراب ہو جاتا ہے۔
ملہ پورہ کے باشندوں نے محکمہ بجلی کے تئیں سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’گزشتہ دو ماہ سے علاقہ مسلسل بجلی کی عدم دستیابی کے سبب شام ہوتے ہی گھپ اندیرے میں ڈوب جاتا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ علاقے میں نصب بجلی ٹرانسفارمر علاقے میں رہائش پزیر عوام کی بجلی کی ضرورت کو پورا نہیں کر پاتا اور اور آئے روز خراب ہو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے لگاتار ٹرانسفارمر کی مرمت کے بعد اسے دوبارہ نصب کیا جاتا ہے تاہم چند گھنٹوں کے بعد یہ پھر سے خراب ہو جاتا ہے، نتیجتاً عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔