جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے للہار میں انکاؤنٹر کے دوران دو عسکریت پسندوں نے خودسپردگی کی، جس کی ویڈیو اب سماجی رابطہ ویب سائٹس پر گشت کر رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ویڈیو میں ایک عسکریت پسند کا رشتہ دار، عسکریت پسندوں سے خودسپردگی کی اپیل کرتا ہے۔
یہ ویڈیو سیکیورٹی فورسز کی گاڑی میں فلمایا گیا ہے۔
ویڈیو میں نوجوان کہتا ہے کہ 'ہتھیار کھڑکی سے پھینک کر باہر آجاؤ۔ تم لوگوں کے ساتھ کوئی کچھ نہیں کرے گا۔'
للہار تصادم: خودسپردگی کی ویڈیو وائرل اگرچہ ابتدائی فائرنگ میں ایک عسکریت پسند کو گولی بھی لگی تھی تاہم بعدازاں دونوں نے فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے۔
یہ بھی پڑھیں:للہار پلوامہ تصادم: دو عسکریت پسندوں نے خودسپردگی کی
واضح رہے کشمیر زون پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل سے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ للہار پلوامہ تصادم میں دونوں عسکریت پسندوں نے پولیس اور سکیورٹی فورسز کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے اور خود کو حوالے کردیا۔ خود سپردگی اختیار کرنے والے عسکریت پسندوں کی شناخت پلوامہ ضلع کے رؤف شیخ اور عقیل احمد کے بطور ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک عسکریت پسند زخمی ہوگیا ہے اور اسے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ دونوں عسکریت پسند حزب المجاہدین سے وابستہ تھے۔