پلوامہ:جنوبی کشمیر کے سب ضلع ترال کے کئی دہیات میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اگرچہ گزشتہ برسوں کے دوران انتظامیہ کی جانب سے قابل ستائش کام انجام دئے گئے ہیں تاہم اس کے باوجود سب ضلع میں کئی دہیات آج کے اس ترقی یافتہ دور میں بھی بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی عوام کے لیے سوہان روح بنی ہوئی ہے۔
ترال ٹاؤن سے بیس کلومیٹر کی دوری پر واقع وانٹی ناڑ، نارستان کی آبادی کو بھی اس جدید دور میں کئی مشکلات درپیش ہیں۔ جہاں ان لوگوں کو علاقے میں بجلی کی ابتر صورتحال سے پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وہیں گاؤں میں دیہی ترقی محکمہ کی جانب سے خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کا جینا دوبھر ہو گیا ہے۔
مقامی باشندوں کے مطابق گاؤں میں بہتر بجلی سپلائی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے علاقے میں نصب 63کلو واٹ بجلی ٹرانسفارمر کو اپگریڈ کر کے 100کلو واٹ کرایا گیا لیکن نیے ٹرانسفارمر میں فالٹ ہونے کی وجہ سے اس کا فائدہ لوگوں تک نہیں پہنچ پا رہا ہے۔ ایک مقامی باشندے نے دعویٰ کیا کہ جدید ٹرانسفارمر ایک موبائل فون تک کو چارج کرنے کی ثقت نہیں رکھتا۔