لیبر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ترال میں بیداری کیمپ منعقد پلوامہ (جموں و کشمیر):اسسٹنٹ کمشنر لیبر آفس، پلوامہ کی جانب بدھ کو ٹاؤن ہال ترال میں ایک بیداری پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ بیداری پروگرام میں اے ڈی سی ترال، شبیر احمد رینہ، نے مہمان خصوصی کے طور پر شرک تکی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر، لیبر، حفصہ قیوم بطور مہمان ذی وقار شامل ہوئیں، علاوہ ازیں مقامی دکانداروں اور تاجرین کی خاصی تعداد بیداری پروگرام میں شریک رہی۔
بیداری پروگرام کے دوران ماہرین نے لیبر ورکرز کے لیے تحفظ، سلامتی اور صحت کو یقینی بنانے کے حوالے سے اٹھائے جا رہے حکومتی اقدامات پر مفصل روشنی ڈالی علاوہ ازیں جانکاری کیمپ کے دوران لیبرس کی جانب سے وضع کی گئی سرکار کی مختلف اسکیموں کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کی گئی۔ ان حکومتی اسکیموں سے استفادہ کرنے کے طریقہ کار بھی سکھائے گئے۔
اس موقع پر مقامی دکانداروں اور بیداری کیمپ میں شامل دیگر افراد نے لیبر قوانین کے متعلق ماہرین سے استفسار کیا۔ ماہرین نے انہیں تسلی بخش جوابات دیے اور مقامی افراد نے محکمہ کی جانب سے منعقد کیے گئے بیداری کیمپ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس طرح کے کیمپ مستقبل میں جاری رکھنے کا مطالبہ کیا کیونکہ، لوگوں کے مطابق، ’’ اس طرح کے کیمپ سے لوگوں کو ضروری معلومات حاصل ہوتی ہے۔‘‘
میڈیا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر لیبر، پلوامہ، حفصہ قیوم نے بتایا کہ اس طرح کے پروگرامز کے انعقاد کا اصل مقصد عوام الناس کو لیبر قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دکانداروں کی رجسٹریشن اس لئے ضروری ہے کیونکہ ان دکانوں میں کام کر رہے (سیلز) افراد کے حقوق کی پاسداری کی جا سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے ضلع کے دیگر علاقوں میں بھی اس طرح کے پروگرامز منعقد کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں:Awareness Camp for Farmers: نرگستان، ترال میں کسانوں کے لیے آگاہی کیمپ منعقد