پلوامہ (جموں و کشمیر):کسانوں کی آمدن میں اضافہ، سائنسی تحقیق سے باخبر کرنے اور کسانوں کے لیے وضع کی سرکاری اسکیموں سے باخبر کرنے کے حوالے سے جموں و کشمیر کے طول و ارض میں معلوماتی اور تربیتی کیمپس منعقد کیے جا رہے ہیں۔ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے11 مختلف بلاکس میں ’’کسان سمپرک ابھیان‘‘ کے تحت کسانوں کے لئے منعقد کیے گئے جانکاری پروگرام میں مختلف محکمہ جات سے تعلق رکھنے والے افسران سمیت مختلف علاقوں سے آئے کسانوں اور پی آر آئی ممبران نے شرکت کی۔
پروگرام کا انعقاد ضلع انتظامیہ نے محکمہ زراعت، باغبانی اور زرعی شعبہ سے وابستہ مختلف محکموں کی جانب سے وضع کی گئی اسکیموں کے بارے میں کسانوں کو جانکاری فراہم کرنے کی غرض سے کیا گیا تھا۔ پروگرام کے دوران متعلقہ محکموں کی جانب سے چلائی جانے والے اسکیموں سے متعلق ایک ویڈیو پریذنٹیشن کے ذریعہ کسانوں کو تربیت فراہم کی گئی جس پر کسانوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔