پلوامہ:’’بلاک دیوس دیہی زندگیوں کو نمایاں طور پر تبدیل کر رہا ہے اور اچھی حکمرانی کی طرف ایک تبدیلی کا نشان لگا رہا ہے۔‘‘ یہ بات بصیر الحق چودھری، ضلع ترقیاتی کمشنر (ڈی ڈی سی) پلوامہ نے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ترال کے بریناڈ ،کارمولہ علاقے میں منعقدہ عوامی دربار کے دوران لوگوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ڈی سی پلوامہ نے کہا کہ بلاک دیوس کی مستقل نوعیت قابل رسائی انتظامیہ کے لیے حکومت کے عزم کی تصدیق کر رہی ہے۔ کارمولہ، ترال میں منعقدہ بلاک دیوس میں پی آر آئی ممبران اور مختلف سرکاری اسپانسرڈ اسکیموں کے استفادہ کنندگان کے ساتھ ساتھ سینکڑوں مقامی باشندوں نے شرکت کی۔ دربار میں شریک عوامی وفود نے ترقیاتی تقاضوں اور اپنے علاقوں سے متعلق مسائل سے حکام کو آگاہ کیا۔
ضلع ترقیاتی کمشنر، پلوامہ، نے عوام کو یقین دلایا کہ انتظامیہ ان کے مطالبات حل کرنے کے لیے کوشاں ہے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہوگی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی پلوامہ نے بتایا کہ دور دراز علاقوں میں بلاک دیوس منعقد کرنے سے افسران کو فسٹ ہینڈ انفارمیشن ملتی ہے اور عوام سے براہ راست رابطہ ہوتا ہے جس سے مستقبل میں ان کے لیے ترقیاتی منصوبوں کو انجام دینا قدرے آسان ہو جاتا ہے۔