پلوامہ: مرکزی وزیر مملکت برائے مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز، بھانو پرتاپ سنگھ ورما نے ضلع پلوامہ کے قصبہ پانپور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران ان کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چودھری اور ایس ایس پی اونتی پورہ بھی موجود تھے۔ وزیر نے سریکلچر ٹریننگ اینڈ ریسرچ سنٹر گالندر پانپور کا دورہ کر کے وہاں کام کاج کا جائزہ لیا۔ Union MoS Bhanu Pratap JK Visit
وزیر مملکت نے سریکلچر ٹریننگ اینڈ ریسرچ سنٹر کے افسران کےساتھ ایک میٹنگ طلب کی جس میں انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ ریشم کی صنعت کو مستحکم بنانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں تاکہ ریشم کی صنعت کو زیادہ سے زیادہ فروغ حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی مرکزی سرکار ریشم سے وابستہ کسانوں کو مارکیٹنگ کے علاوہ دوسری سہولیات فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی تاکہ ریشم کی صنعت کو فروغ حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ اس صنعت سے وابستہ کسانوں کو زیادہ سے زیادہ منافع حاصل ہو سکے۔