پلوامہ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں حکام نے بیگ پورہ، اونتی پورہ علاقے میں آزاد احمد تیلی نامی ایک مقامی باشندے کے رہائشی مکان کو اٹیچ کر دیا ہے۔ اس پراپرٹی کو معروف عسکریت پسند اور حزب المجاہدین کے سابق کمانڈر ریاض نائکو کو پناہ دینے کی پاداش میں قرق کر دیا گیا ہے۔ این آئی اے کی خصوصی عدالت نے اس غیر منقولہ جائیداد کو اٹیچ کرنے کے احکامات صادر کئے تھے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران عسکریت پسندوں کی بالواسطہ یا بلاواسطہ حمایت کرنے اور عسکریت پسندوں کو پناہ دینے کے الزامات میں دو مکان اٹیچ کیے گئے ہیں۔
جموں و کشمیر میں حکام نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جنوبی کشمیر کے پلوامہ اور کولگام اضلاع میں دو رہائشی مکانات کو اٹیچ کر دیا۔ کولگام میں اٹیچ کیے گئے مکان میں سنہ 2019میں انکاؤنٹر پیش آیا تھا جس میں جموں و کشمیر پولیس کے ایک ڈی وائی ایس پی امن کمار ٹھاکر اور ایک فوجی اہلکار ہلاک ہوئے تھے، جبکہ اس انکاؤنٹر میں تین عسکریت پسندوں کو بھی ہلاک کیا گیا تھا۔ جنوبی کشمیر کے ہی پلوامہ ضلع میں اٹیچ کیے گئے مکان میں بھی سنہ 2020میں ایک انکاؤنٹر پیش آیا تھا جس میں معروف عسکری کمانڈر ریاض نائکو کو ہلاک کیا گیا تھا۔