پلوامہ (جموں و کشمیر) :جموں و کشمیر پولیس نے سویک ایکشن پروگرام (سی اے پی) کے تحت جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ضرورت مند طلباء میں 100 اسٹیڈی کٹس تقسیم کیے۔ پلوامہ پولیس نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران حاجتمند طلبہ میں کٹس تقسیم کیے۔ تقریب میں ایس ایس پی پلوامہ، محمد یوسف، کے علاوہ ڈی وائی ایس پی، ڈی آر، پلوامہ اور ضلع پولیس کے دیگر افسران سمیت مقامی ذی عزت شہریوں نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر ایس ایس پی پلوامہ نے طلباء، ان کے والدین اور اساتذہ سے بات چیت کی جنہوں نے پروگرام میں شرکت کی۔ بات چیت کے دوران ایس ایس پی پلوامہ نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی پوری توانائی درس و تدریس اور حصول تعلیم میں استعمال کریں اور اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں۔ علاوہ ازیں شرکاء کو یہ مشورہ بھی دیا گیا کہ وہ کسی بھی مجرمانہ کارروائیوں سمیت سماج و ملک دشمن سرگرمیوں سے باز رہیں۔ شرکاء کو یقین دلایا گیا کہ جب بھی انہیں کسی چیز کی ضرورت ہو گی پولیس کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔