پلوامہ (جموں و کشمیر) :اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اونتی پورہ میں مینجمنٹ اسٹیڈیز کے بزنس کلب کی جانب سے ایک آٹو فیوژن کا اہتمام کیا گیا جس میں کئی معروف آٹو موبائل کمپنیز کی جدید ترین کاروں کی نمائش کی گئی۔ تقریب کا افتتاح یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر نصیر اقبال نے ڈین سکول آف بزنس اسٹڈیز ڈاکٹر آصف اقبال فضلی اور یونیورسٹی کے دیگر عہدیداروں کی موجودگی میں کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
یہ فیسٹ اسٹوڈنٹ بزنس کلب کے زیراہتمام منعقد کیا جا رہا ہے جو طلباء کو اپنی کاروباری اور انتظامی صلاحیتوں کو دکھانے کے لیے ایک سازگار پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، فیسٹ کا مقصد صنعت کے پیشہ ور افراد، آٹوموبائل کے شوقین افراد اور ماہرین تعلیم کو طلب اور رسد کے منظر نامے، جدید ترین تکنیکی ترقیوں اور آٹوموبائل سیکٹر کی ابھرتی ہوئی ضروریات کو تلاش کرنے کے لیے ایک جگہ جمع کرنا ہے۔ مشہور آٹوموبائل برانڈز بشمول ہیونڈائی، ماروتی سوزوکی، ووکس ویگن، ایم جی، ٹویوٹا، مہندرا، رینالٹ اور ٹاٹا کے کئی ڈیلرشپ آؤٹ لیٹس نے اس تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے رائے دی کہ اس طرح کی تقاریب اکیڈمی اور انڈسٹری کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دیتی ہیں جس کے نتیجے میں تعلیمی اداروں کو اپنے نصاب کو صنعت کی ضروریات کے مطابق بنانے میں مدد ملتی ہے۔