پلوامہ (جموں و کشمیر) :اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (آئی یو ایس ٹی) اونتی پورہ نے اپنا دوسرا کنووکیشن منایا جس میں معزز مہمانان کرام نے اپنے خیالات کا اظہار کیا وہیں مختلف شعبہ جات میں ڈگریاں حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو بھی انعقامات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر پروفیسر کستوری رنگن نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شمولیت کی جبکہ جموں وکشمیر کے ایل جی منوج سنہا - جو کہ یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں - کے ساتھ ساتھ وائس چانسلر پروفیسر شکیل احمد رومشو اور دیگر عہدیداروں نے بھی کنووکیشن میں شرکت کی۔
خطبہ استقبالیہ میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر شکیل احمد رومشو نے دعویٰ کیا کہ ’’اسلامک یونیورسٹی نے مختصر وقت میں ہی اپنی شناخت قائم کی ہے اور تعلیمی افق پر ایک چمکتے تارے کی مانند ابھر کے سامنے آئی ہے۔‘‘ اپنے خطاب میں یونیورسٹی کے چانسلر منوج سنہا نے بتایا کہ ’’موجودہ دور میں انفارمیشن کے بدلتے تقاضوں سے خود کو ہم آہنگ کرنے کے لیے نہ صرف طلباء بلکہ اساتذہ کو بھی آگے آنا چاہئے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ قومی نیشنل پالیسی نے پورے ملک کے اندر تعلیمی میدان میں انقلاب برپا کیا ہے۔