پلوامہ (جموں و کشمیر):پوری دنیا میں آج یعنی بارہ مئی کو نرسوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس حوالے سے جموں وکشمیر میں بھی مختلف تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں جن میں نرسوں کی سماج کے تئیں خدمات کا اعتراف کیا جا رہا ہے۔ ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے نرسوں کے عالمی دن پر نرسز سے بات کی جنہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نرسوں کا عالمی دن مناتے ہوئے آج انہیں فخر محسوس ہو رہا ہے کہ وہ بھی اس پیشے سے وابستہ ہیں جس کو سماج میں ایک اہم مقام حاصل ہے اور صحت عامہ کے شعبے میں ایک ڈاکٹر کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر چلنے والی ایک نرس ہی ہوتی ہے جو ہر وقت بیماروں کی خدمت کو اپنا فرض منصبی سمجھتی ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے نرسز نے کہا کہ آج کا دن رسمی طور نہیں منایا جاتا ہے بلکہ پوری دُنیا میں قدرتی آفات ہوں، جنگ ہو، حادثات ہوں یا اور کوئی معاملہ ہو، ایک نرس ہی ان تمام حالات میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی رہتی ہے جو اس بات کی عکاسی ہے کہ نرس مشکل حالات میں بھی پرواہ کیے بغیر سماج کے لیے جانفشانی کے ساتھ کام کرتی ہے۔ جنوبی کشمیر کے سب ضلع اسپتال ترال میں تعینات نرسز کا کہنا تھا کہ ’’گزشتہ برسوں کے دوران جب عالمی وبا کورونا وائرس کی لہر نے پوری دنیا کو ہلا کے رکھ دیا تھا تب نرسز نے جان پر کھیل کر بیماروں کی خدمت کر کے ثابت کر دیا کہ وہ اپنے منصب کو کتنا عزیز رکھتی ہیں۔‘‘
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے نرسز نے مزید بتایا کہ وہ اپنا گھر بار اور بچے چھوڑ کر اسپتالوں میں جس طرح دن رات ڈیوٹی انجام دیتی ہیں وہ ایک نرس ہی کا کلیجہ ہے اور آج کا دن منانے سے انکے اس جنون کو تقویت مل جاتی ہے اور ان کے جس جذبے کا اعتراف کرنے کے لیے ہی اس دن کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کیا کہ امسال نرسوں کے عالمی دن کا موضوع ’’نرسیں ہمارا مستقب‘‘ رکھا گیا ہے جو اس بات کی دلالت کرتا ہے کہ نرسوں کا مستقبل روشن رہے گا۔ انہوں نے نوجوان لڑکیوں سے اپیل کی کہ وہ اس شعبے کی طرف راغب ہوں کیونکہ یہ شعبہ بہتر انداز میں سماجی خدمات انجام دے رہا ہے اور یہاں اس شعبے میں نہ صرف وہ روزگار کما سکتی ہیں بلکہ سماج میں عزت وقار بھی۔