پلوامہ (جموں و کشمیر) :گزشتہ روز ضلع پلوامہ کے دیور، ترال علاقے میں حادثے کے دوران زخمی ہوا نوجوان دوران علاج زخموں کی تاب نہ لا کر سرینگر کے ایک اسپتال میں زندگی کی جنگ ہار گیا۔ فوت ہونے والے کی شناخت اویس احمد شیخ ساکنہ سیموہ، ترال کے طور پر ہوئی ہے جو معروف زیارتگاہ خانقاہ فیض پناہ ترال میں بحثیت موذن فرائض انجام دے رہا تھا۔
اویس احمد رات بھر عرس کی تقاریب میں شامل رہا اور جونہی وہ کسی کام کے سلسلے میں دیور جا رہا تھا کہ راستے ایک سومو گاڑی کے ساتھ اس کی موٹر سائیکل ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی ہونے کے بعد اویس کو فوری طور پر سب ضلع اسپتال ترال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی مرہم پٹی کے بعد اسے سرینگر ریفر کر دیا۔ اویس کو بادامی باغ سرینگر کے آرمی اسپتال میں ایڈمٹ کیا گیا تاہم ڈاکٹروں کی لاکھ کوششوں کے بعد بھی وہ جانبر نہیں ہو سکا اور اپنی زندگی کی جنگ ہار گیا۔