پلوامہ (جموں و کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں سرکل روڈ پر جگہ جگہ کوڑا کرکٹ ڈمپ کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے مقامی باشندوں، تاجروں، راہگیروں خاص طور پر اسکولی بچوں کو عبور و مرور میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سرکل روڈ، پلوامہ پر انتظامیہ کی جانب سے ہی کوڑا کرکٹ ڈمپ کیا جا رہا ہے۔
مقامی باشندوں کی جانب سے اعتراض اور شکایات کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے کوڑا کرکٹ دوسری جگہ منتقل کرنے کے لیے سنجیدہ اور خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے لوگ انتظامیہ سے سخت نالاں ہیں۔ ادھر، کوڑا کرکٹ سے اٹھنے والی عفونت سے لوگوں میں وبائی امراض پھوٹ پڑنے کا کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ جب کہ گندگی کے ڈھیر کے اردگرد آوارہ کتوں کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے جس کی وجہ سے لوگ خاص طور پر طلبہ اور کم عمر بچے سڑک پار کرنے میں خوف محسوس کر رہے ہیں۔
مدثر احمد نام کے ایک مقامی باشندے نے بتایا کہ وادی کشمیر کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر بھی سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’وادی کشمیر کے تقریب سبھی شہر و دیہات میں سڑکوں اور گلی کوچوں کے کنارے، عوامی مقامات پر کچرے کے ڈھیر نظر آتے ہیں، اگر اس حوالہ سے بر وقت اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو نہ صرف کشمیر کی خوبصورتی اثر انداز ہوگی بلکہ آنے والے وقت میں کشمیر کی معیشت کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔‘‘