پلوامہ (جموں و کشمیر) :پلوامہ کے لاجورہ علاقے کے باشندوں نے بنجاروں پر منشیات کا استعمال کرنے اور شراب نوشی کے الزمات عائد کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ سے انہیں تعلیمی اداروں اور رہائشی علاقوں سے باہر کرنے کی اپیل کی ہے۔ لاجورہ کے باشندوں نے احتجاج درج کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ’’خانہ بدوش بنجارے شراب نوشی اور منشیات میں ملوث ہیں جس سے مقامی باشندوں خاص کر طلبہ پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔‘‘
لاجورہ، پلوامہ کے باشندوں نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں ایک ہائی اسکول قائم ہیں جہاں سینکڑوں طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خانہ بدوشوں کی جانب سے عمومی طور شراب نوشی کرنے اور شراب کی بوتلیں اسکول کے نزدیک پھینکنے سے طلبہ پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ خانہ بدوشوں میں منشیات کا استعمال خاص کر شراب نوشی ایک عام بات ہے اور مقامی باشندوں نے انہیں کئی بار نقل مکانی کی درخواست کی تھی جس پر بنجاروں نے کوئی مثبت رد عمل ظاہر نہیں کیا۔