کئ دہائیوں کے بعد جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ ترال کے دور افتادہ گاؤں سویناڈ پر ضلع انتظامیہ نے گاوں کے لیے نزدیکی گاوں لام جواہر پورہ سے ایک سڑک تعمیر کرنے کے لیے دہی ترقی محکمے کوحکم دیا تھا۔ جسکے بعد اس علاقے کے لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ اب ان کی روزمرہ کی زندگی میں مشکلات کم ہوجائیں گی۔ سڑک پر کام شروع ہوا اور کام جلد از جلد مکمل بھی ہو گیا لیکن افسوس کی بات ہیکہ لام جواہر پورہ میں سڑک کی تعمیر جہاں سے شروع ہوتی ہے وہاں کچھ لوگوں نے زمین قبضہ کر لیا ہے جس کی وجہ سے سڑک کا راستہ بند ہو گیا اور سڑک بنانے کا کوئی فائدہ حاصل نہیں ہورہا ہے، جبکہ انھیں آج بھی بیماروں کو چارپائی پر اسپتال لے جانا پڑ رہا ہے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ سڑک تو بن گئی ہے، لیکن انتظامیہ اثر ورسوخ رکھنے والے ان عناصر کے سامنے بے بس ہے، جنھوں نے لام کے مقام پر قبضہ کیا ہوا ہے اسطرح ہمارے لیے بنائی گئی سڑک کا کوئی فائدہ ہمیں نہیں مل رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے معاملے کی نسبت سے حکام کو کئ مرتبہ آگاہ کیا لیکن ابھی تک خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آئے۔