پلوامہ (جموں کشمیر) :پابندی کے باوجود جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں رنبی آرہ ،رومشی نالہ سمیت دیگر آبی ذخائر میں غیر قانونی کان کنی انجام دی جا رہی ہے۔ پابندی کے بعد گرچہ غیر قانونی کان کنی میں کمی واقع ہوئی ہے تاہم اکثر غیر قانونی کان کنی رات کے دوران انجام دی جاتی ہے۔ وادی کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع پلوامہ میں بھی غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائیں انجام دی جا رہی ہیں۔
محکمہ جیالوجی اینڈ مائننگ کے ڈسٹرکٹ آفیسر، منظور احمد نے بتایا کہ غیر قانونی کان کنی کی شکایات موصول ہونے کے فوراً بعد ہی وہاں کارروائی انجام دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران اس طرح کی درجنوں کارروائیاں انجام دی گئیں جس دوران محکمہ نے 45لاکھ روپے کا جرمانہ وصول کیا جبکہ غیر قانونی کان کنی میں استعمال میں لائی جا رہی 130مختلف گاڑیوں / مشینوں کو بھی سیز کیا گیا ہے۔