پلوامہ (جموں کشمیر) : ’’گجر بکروال طبقہ کو آج تک متواتر سرکاروں نے اپنے ووٹ بینک کے لیے استعمال کیا ہے، تاہم اس طبقہ کی ترقی کے لیے اقدامات کے بجائے زبانی جمع خرچ سے کام لیا جا رہا ہے۔‘‘ ان خیالات کا اظہار گجر بکروال کانفرنس کے سینئر لیڈر زاہد پرواز چودھری نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کیا۔ چودھری نے کہا کہ ’’فارسٹ رائٹ ایکٹ کو نافذ کرنے کا اعلان تو بڑے طمطراق سے کیا گیا لیکن صورتحال اس کے برعکس ہے کیونکہ کسی بھی جگہ فارسٹ رائٹ کلیم کو منظور نہیں کیا جا رہا ہے۔‘‘
زاہد پرواز کے مطابق گجر بکروال طبقہ کو تیسری بڑی آبادی قرار دیا جا رہا ہے لیکن یہ طبقہ اب بھی پسماندگی کا شکار ہے اور گزشتہ دو برسوں سے سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں اس طبقہ کی فلاح وبہبود کے نعرے محض سیاسی نعرے بازی ہے۔ زاہد پرواز چودھری کے مطابق ’’جہاں تک سیاسی ریزرویشن کی بات ہے ہمیں ان ہی نشستوں پر دی جا رہی ہے جہاں ہم قدیم زمانے سے جیت درج کرتے آئے ہیں۔‘‘