اردو

urdu

ETV Bharat / state

amarnath yatra on bicycle: سائیکل سوار یاتری درشن کے لیے بے چین - امرناتھ یاترا سائیکل سوار

وادی کشمیر میں امرناتھ یاترا کا آغاز ہو چکا ہے اور ہر روز ہزاروں کی تعداد میں یاتری بابا برفانی کے درشن کر رہے ہیں وہیں امسال انتظامیہ کی جانب سے یاترا کے بہتر انتظامات کیے گئے ہیں۔

سائیکل سوار یاتری درشن کے لیے بے چین
سائیکل سوار یاتری درشن کے لیے بے چین

By

Published : Jul 11, 2023, 1:28 PM IST

سائیکل سوار یاتری درشن کے لیے بے چین

پلوامہ (جموں و کشمیر) :یکم جولائی سے امرناتھ یاترا کا آغاز ہوا اور پہلگام سمیت بالہ تل راستوں سے بیشتر یاتری گاڑیوں میں سفر کرکے بیس کیمپ پہنچ رہے ہیں جبکہ کئی یاتری ہوائی جہاز سے سرینگر پہنچ رہے ہیں تاہم امسال بھی بابا برفانی کے تئیں عقیدت رکھنے والے بعض یاتری منفرد انداز میں یاترا پر نکلے ہیں۔ ریاست ہریانہ کے بیوانی علاقے سے تعلق رکھنے والے نریندر یادو نامی ایک یاتری نے مقدس گھپا تک پہنچنے کے لیے سائکل پر سفر شروع کیا ہے اور آج وہ سرینگر پہنچ رہے ہیں۔

سرینگر جموں شاہراہ پر بارسو، اونتی پورہ کے مقام پر سائکل پر ترنگا لہراتے ہوئے سائکل سوار یاتری نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ وہ ہریانہ سے سائیکل پر سوار ہو کر پہلے کٹرہ گیا جہاں اس نے ماتا ویشنو دیوی کے آستھاپن پر حاضری دی اور پھر وہاں سے امرناتھ یاترا پر چل نکلا ہے اور بابا برفانی کا درشن کرکے واپس اپنے گاؤں لوٹ جائیں گے۔ نریندر یادو نے کے مطابق ’’انسان اگر کسی چیز کی تمنا کرتا ہے تو پھر بھگوان بھی اس میں انسان کی مدد کرتا ہے اور ایسا ہی کچھ میرے ساتھ بھی ہوا۔ میں نے ارادہ کیا اور بھگوان نے میرا ساتھ دیا اور اسی کی کرپا سے یہاں پہنچنا ممکن ہوا۔‘‘

یاترا انتظامات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں نریندر یادو نے بتایا کہ جموں وکشمیر انتظامیہ نے یاتریوں کے لیے بہتر انتظامات کیے ہیں اور خاص کر صحت عامہ کے حوالے سے لامثال اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ سیکورٹی صورتحال میں بہتری آئی ہے جس کی وجہ سے یاتری خود کو محفوظ تصور کر رہے ہیں تاہم یاترا کے دوران جموں وکشمیر کے لوگوں نے جسطرح یاتریوں کے لیے دل کھول کر محبت کی ہے وہ یقیناََ قابل ستائش ہے اور یہی محبت کا پیغام ملک بھر میں عام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ امرناتھ گپھا پہنچ کر ملک بھر میں پیار و محبت کے حوالے سے خصوصی دعا کریں گے اور گنگا جمنی تہذیب کی روایات برقرار رہنے کی بھی دعا کریں گے۔

انہوں نے ملک کے شہریوں سے گزارش کی کہ وہ ضرور کشمیر آئیں اور بابا برفانی کے درشن کریں کیونکہ یہاں وہ بابا برفانی کے درشن کے ساتھ ساتھ یہاں کی تہذیب وتمدن سے بھی ضرور آگاہ ہوں گے۔ واضح رہے کہ یاترا کے احسن انعقاد کیلئے بڑے پیمانے پر حفاظتی اقدامات اُٹھائے گئے ہیں جہاں ڈرون کیمروں سے یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا وہیں جدید ٹیکنالوجی کا سہارا بھی لیا جا رہا ہے۔ قومی شاہراہ پر باریک بینی سے نگاہ رکھی جا رہی ہے اور ہر روز یاترا سے قبل سڑک کی جانچ کی جاتی ہے اور اطمینان ہونے کے بعد ہی قافلوں کو آگے جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں:Amarnath Yatra 2023 تین دنوں بعد یاترا کا آغاز

واضح رہے کہ باسٹھ دنوں پر مشتمل امرناتھ یاترا یکم جولائی کو شروع ہوئی جو 31اگست کو اختتام پذیر ہوگی اور سرکاري اعداد وشمار کے مطابق اب تک 80ہزار سے زائد یاتریوں نے پوتر گپھا میں شیو لنگم کے درشن کیے ہیں۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details