پلوامہ (جموں و کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں سب ضلع انتظامیہ کی جانب سے خانقاہ فیض پناہ میں حج تربیتی پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ حج تربیتی پروگرام میں علاقہ ترال کے عازمین کو مناسک حج اور روضہ رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پر حاضری کے آداب سکھائے گئے۔ معروف حج ٹرینر گل شکیل ترالی نے تر بیتی حج پروگرام میں شرکت کرنے والوں کو تفصیل کے ساتھ ارکان حج سے آگاہ کیا۔
Tral Haj Training Programme: ترال میں عازمین حج کے لیے تربیتی پروگرام منعقد - حج تربیتی پروگرامز
رمضان المبارک کے اختتام کے بعد ہی حج تربیتی پروگرامز کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ جموں و کشمیر میں حکومتی سطح کے ساتھ ساتھ، مختلف اوقاف، جامع مساجد و مدارس سمیت غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے بھی حج تربیتی پروگرامز کا انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے۔ Haj Training Programme in Tral
حج ٹریننگ کے دوران میقات سے احرام باندھنے، نیت، وقوف عرفہ کے دن غروب آفتاب تک میدان عرفات میں رہنے، وقوف مزدلفہ، رمی جمرات، قربانی، بال منڈوانے یاکٹوانے، طواف، حجر اسود کا بوسہ، مقام ابراہیم پر نماز کی ادائیگی، صفا و مروا کی سعی، مدینہ منورہ میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری کے آداب سمیت دیگر مناسک حج اورعمرہ کی ادائیگی کا طریقہ بتایا گیا۔ پروگرام میں شریک عازمین نے تربیتی پروگرام کو ایک اچھی پہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس سے بہت فائدہ حاصل ہوا ہے۔
ادارہ اوقاف اسلامیہ، ترال کے ایک ذمہ دار، فیروز احمد، نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ خانقاہ فیض پناہ ترال کی انتظامیہ کی ہدایت پر عازمین کی تربیت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے جس دوران عازمین کی ریفرشمنٹ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ وادی کشمیر میں حج ہاؤس سمیت مختلف اوقاف کمیٹیز، مدارس اور مساجد انتظامیہ کے ساتھ ساتھ غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے بھی حج تربیتی پروگرامز کا انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے۔ حج تربیتی پروگرامز میں ماہرین، علماء و مفتیان کرام کو مدعو کیا جاتا ہے جو عازمین کو تربیت فراہم کرتے ہیں۔