پلوامہ، ڈوڈہ (جموں و کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں حج کمیٹی کی جانب سے ضلع کے عازمین کے لئے ایک تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ تربیتی پروگرام میں عازمین کو مناسک حج کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سفر کے حوالہ سے ضروری جانکاری فراہم کی گئی۔ حج تربیتی پروگرام کے دوران عازمین کو اسکرین پر آ ڈیو اور ویڈیو کی مدد سے بتایا گیا ہے کہ حج کے دوران وہ ارکان حج کیسے اور کس طرح شریعت کی رو سے ادا کر سکتے ہیں۔ حج تربیتی پروگرام کے دوران مدعو کیے گئے مقررین، ماہرین نے سفر محمود کے دوران اراکین پر امن طور ادا کرنے کی ٹریننگ دی تاکہ عازمین کو حج کی ادائیگی کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
تربیتی پروگرام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ایک عہدیدار نے بتایا کہ حج سے متعلق سبھی تفاصیل فراہم کرنے اور سفر محمود کے دوران لاعلمی کے سبب ہونے والی پریشانیوں کو دور کرنے کے لئے انہوں نے عازمین کو تفصیلات فراہم کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ عازمین سفر محمود کو بحسن خوبی اور احسن طریقہ سے انجام دے سکیں۔ حج تربیتی کیمپ میں شرکت کرنے والے عازمین حج نے کیمپ میں حاصل ہونے والی معلومات کو مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ تربیتی کیمپ میں حج کے مسائل اور ارکان سے متعلق تفصیلات فراہم کی گئیں جس سے عازمین سفر محمود کے دوران مستفید ہوں گے۔ قابل ذکر ہے کہ ضلع پلوامہ کے چھ سو عازمین نے تریتی میں شرکت کی جنہیں مناسک حج کے حوالے سے تربیت فراہم کی گئی۔