’’بندوق سے کوئی بھی مسئلہ حل نہیں ہو سکتا، بھائی بھائی کا دشمن ہو چکا ہے، جموں و کشمیر میں گھروں کے گھر خالی ہو رہے ہیں۔‘‘ سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مقتول ایس پی او فیاض احمد کے لواحقین کے ساتھ تعذیت کے بعد میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے ان باتوں کا اظہار کیا۔
پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے منگل کو جنوبی کشمیر کے پاریگام، اونتی پورہ کا دورہ کرکے عسکریت پسندوں کی جانب سے ہلاک کیے گئے ایس پی او فیاض احمد کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ عسکریت پسندوں نے ہاری، پاریگام کے رہنے والے ایس پی او فیاض احمد کے گھر میں داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں فیاض احمد کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی، اس حملے میں انکی اہلیہ راجہ اور بیٹی رافعیہ بھی شدید زخمی ہو گئیں جنہوں نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔
عسکری حملے میں فیاض احمد سمیت انکی اہلیہ اور دختر کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ ’’بندوق سے کوئی بھی مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔‘‘