پلوامہ (جموں و کشمیر):جہاں ایک جانب جموں و کشمیر کی انتظامیہ رابطہ سڑکوں کی بدحالی کو دور کرنے کے لیے انتظامات کرنے کے حوالے سے اعلانات کر رہی ہے وہیں دوسری جانب جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں کئی رابطہ سڑکوں کی ناگفته بہ حالت عوام کے لیے سوہان روح بنی ہوئی ہے۔ مین ٹاؤن ترال سے محض دو کلومیٹر دور گجر بستی چھترگام کی آبادي رابطہ سڑک کی خستہ حالی سے پریشان کن صورتحال سے گزر رہی ہے۔
چھترگام، ترال کے باشندوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’کئی برس قبل علاقے میں رابطہ سڑک کی تعمیر کے لئے دیہی ترقی محکمہ نے علاقے میں کچھ تعمیری کام کیا جس سے لوگوں کا عبور ومرور آسان تو ہوا لیکن بدقسمتی سے اب یہ سڑک چلنے کے لائق ہی نہیں رہی۔‘‘ مقامی باشندوں نے خستہ حال سڑکوں کے سبب لوگوں کو ہو رہی مشکلات کے بارے میں کہا: ’’بارشوں کے دوران سڑک جھیل کا نظارہ پیش کرتی ہے اور لوگ گھروں میں ہی محصور ہو کر رہ جاتے ہیں۔‘‘