پلوامہ (جموں و کشمیر):پنچایت ڈے کے موقع پر جنوبی کشمیر کے سب ضلع ترال کے مونگہامہ گاؤں کو سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ (Solid Waste Management) کے حوالے سے انعام ملنے کے بعد مقامی سرپنچ رام سنگھ کو مونگہامہ گاؤں کے رہائشیوں کی جانب سے تہنیت پیش کرنے کے حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں اے ڈی سی ترال، ایس وائی نقاش، بی ڈی او ترال، ڈی ڈی سی ممبر ترال ڈاکٹر ہربخش سنگھ اور محکمہ دیہی ترقی کے دیگر عہدیداروں کے علاوہ کانگریس لیڈر سریندر سنگھ چنئی اور بیسیوں مقامی باشندوں نے شرکت کرکے سرپنچ رام سنگھ کی حوصلہ افزائی کی۔
اس موقع پر معززین نے رام سنگھ کو ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ ایوارڈ نہ صرف مونگہامہ بلکہ پورے علاقہ ترال حتی کہ ضلع پلوامہ کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے اور اس ایوارڈ سے گاؤں کی حصولیابی کا زکر بھی کیا جا رہا ہے۔‘‘ اس موقع پر اے ڈی سی ترال نے ایوارڈ حاصل کرنے پر سرپنچ رام سنگھ کو مبارک باد پیش کی اور کہا ہے کہ ’’ایسے ایوارڈز واقعتاً باعث اعزاز ہیں۔‘‘