پلوامہ (جموں کشمیر) :شہر سرینگر سمیت وادی کے طول و ارض میں بجلی بریک ڈاؤن کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ شام ہوتے ہیں ہر سو اندھیرا چھا جاتا ہے اور سڑکوں پر جیسے اُلو بولتے ہیں۔ جنوبی کشمیر کے سب ضلع ترال میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی اور غیر اعلانیہ کٹوتی سے جہاں عام لوگ پریشان ہو گئے ہیں وہیں بجلی نہ ہونے سے طلبہ کو زبردست مشکلات کا سامنا ہے اس صورتحال پر لوگوں نے محکمہ پی ڈی ڈی کے خلاف سخت برہمی کااظہار کیا ہےل۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے ترال علاقے کے باشندوں کا کہنا ہے کہ ’’دن بدن بجلی کٹوتی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔‘‘ صارفین کا الزام ہے کہ ’’رواں برس جو بجلی کی صورتحال دیکھی جا رہی ہے گزشتہ دس برسوں میں نہیں دیکھی گئی۔ ‘‘ ایک مقامی شہری منظور کھاری نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ترال علاقے میں امسال بجلی کی آنکھ مچولی نے عام لوگوں کو سخت پریشان کر رکھا ہے اور بار بار بجلی کی کٹوتی سے عوام کے معمولات شدت سے متاثر ہو رہے ہیں۔