پلوامہ (جموں و کشمیر) :کشمیر آئی ہاسپٹلز کی جانب سے جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے دارالعلوم نور الاسلام، ترال میں آنکھوں کے مریضوں کے لیے ایک مفت میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس میں سینکڑوں مریضوں کا تسلی بخش علاج و معالجہ کیا گیا۔ معائنہ کے ساتھ ساتھ مریضوں کو ادویات مفت تقسیم کی گئی جبکہ کئی مریضوں کے ٹیسٹ بھی عمل میں لائے گئے۔
عوامی حلقوں نے اس قسم کے کیمپ منعقد کرنے پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ترال کے دور دراز علاقوں میں بھی اس قسم کے کیمپ منعقد کیے جائیں گے۔ فاروق احمد راتھر اور محمد امین نامی مقامی شہریوں نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ’’اس قسم کے کیمپ خاص کر غریب عوام کے لیے بہت ہی سود مند ثابت ہوتے ہیں کیونکہ مہنگائی کے اس دور میں غریب افراد سرینگر کے اسپتالوں کا رخ نہیں کر سکتے۔‘‘ انہوں نے اس طرح کے کیمپس مستقبل میں بھی منعقد کیے جانے کی امید ظاہر کی۔