پلوامہ:جموں و کشمیر کے پلوامہ اسپورٹس اسٹیڈیم میں عرصہ دراز سے بند پڑے فلڈ لائٹس کو دوبارہ چالو کر دیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے کھلاڑی کافی خوش نظر آ رہے ہیں۔ دراصل اسٹیڈیم میں کئی برس قبل فلڈ لائٹس نصب کی گئی تھی، یہ فلڈ لائٹس افتتاح کے وقت چلایا گیا تھا لیکن پھر دوبارہ کبھی نہیں جلایا گیا۔ مقامی نوجوانوں نے اس معاملے کو اسپورٹس کونسل کی نوٹس میں کئی بار لایا تاہم کونسل کی جانب سے اس کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔ وہیں نوجوانوں نے جب اس مسئلہ کو ضلع ترقیاتی کمشنر کی نوٹس میں لایا تب جا کر فلڈ لائٹس کو دوبارہ چالو کیا گیا۔ فلڈ لائٹس کو دوبارہ چالو کئے جانے کے بعد کھلاڑیوں میں خوشی دیکھی جا رہی ہے۔
اس ضمن میں نوجوان سماجی کارکن مزمل احمد نے کہاکہ اسٹیڈیم میں کئی سال قبل فلڈ لائٹس نصب کی گئی تھی اور ان کو بند ہی رکھا گیا تھا لیکن ضلع ترقیاتی کمشنر کی مدد سے ان کو دوبارہ چالو کیا گیا ہے، جس پر ہم ان کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا اسپورٹس اسٹیڈیم میں سہولیات کا کافی فقدان ہے۔ جس کے لئے انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کی کہ وہ ان سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے تاکہ یہاں نوجوان کھیل کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں اور ملک سطح پر ضلع پلوامہ کا نام روشن کر سکیں۔