’’موجودہ وقت میں جموں و کشمیر میں انتخابات کے بجائے عالمی وبا کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس وقت عوامی اور انتظامی سطح پر بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘ ان خیالات کا اظہار پی ڈی پی کے ترجمان ڈاکٹر ہربخش سنگھ نے جنوبی کشمیر کے ترال میں میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے ہربخش سنگھ نے جموں وکشمیر میں انتخابات منعقد کرانے کی خبروں کو افواہ قرار دیتے ہوئے کہا: ’’ابھی ملکی حالات بھی اس حوالے سے سازگار نہیں ہے کیونکہ کورونا کی وجہ سے سرکار کی توجہ دوسرے معاملات کی طرف مرکوز ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی پارٹیوں کا مقصد ہی انتخابات لڑنا ہوتا ہے، سیاسی رہنما ہر وقت انتخابات کے لیے تیار ہوتے ہیں تاہم موجودہ صورتحال میں پی ڈی پی کا موقف یہی ہے کہ پہلے عام لوگوں کی زندگیوں کو بچایا جائے اور کووڈ متاثرین کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں۔