ترال:وادی کے معروف صوفی شاعر رجب حامد کا پندرواں یوم وصال آج ستورہ ترال میں انتہائی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقعے پر سینکڑوں عقیدت مندوں نے صوفی شاعر کے مزار پر حاضری دی اور خراج پیش کیا۔ اس موقعے پر رقت آمیز دعائیں بھی مانگی گئیں۔ عرس کے دوران حسب روایت عقیدت مندوں طرف سے درود و اذکار اور نعت و مناجات کی مجالس آراستہ کی گئیں۔ وہیں ساز و سماع کی محفلیں بھی سجائی گئیں، جن میں وادی کے کئی فنکاروں نے رجب حامد کا کلام گاکر مرحوم شاعر کو اپنے اپنے انداز سے خراج تحسین پیش کیا۔
وادی کے قرب وجوار سے آیے ہوئے عقیدت مندوں کے لیے لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا۔ تاہم اس معروف صوفی شاعر کے عقیدت مندوں نے کلچرل اکیڈمی اور فن وادب کی خدمت کرنے والے دیگر اداروں کی جانب سے اتنے بڑے شاعر کی پزیرائی نہ کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ ایک عقیدت مند بشیر احمد لون نے بتایا کہ سرکاری سطح پر صوفی ازم کو پروان چڑھانے کے لیے دعوے تو کیے جاتے ہیں لیکن رجب صاحب مرحوم کے لیے کچھ نہیں کیا گیا ہے جو کہ حکومتی دعووں کی قلعی کھول دیتی ہے۔