پلوامہ:میونسپل کمیٹی ترال کے ایگزیکٹو آفیسر کا عہدہ طویل عرصہ تک خالی رہنے کے بعد تحصیلدار آری پل، عامر سہیل، کو عبوری چارج دیا گیا ہے جس کا عوامی حلقوں نے خیرمقدم کیا ہے۔ عوامی حلقوں نے بتایا کہ ایگزیکٹیو آفیسر کی کرسی خالی رہنے سے میونسپلٹی میں کام کاج متاثر ہو رہا تھا اور انہیں کاغذات کے دستخط کے لیے کئی کئی ہفتوں تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔
چارج سنبھالنے کے فوراً بعد عامر سہیل نے ملازمین کے ساتھ میٹنگ منعقد کی اور ان پر زور دیا کہ وہ ڈیوٹی تندہی اور ایمانداری سے انجام دیں تاکہ عوام کو کسی بھی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے عامر سہیل نے بتایا کہ وہ ترال ٹاؤن کو ایک ماڈل ٹاؤن بنانے کے لیے پوری ٹیم کے ساتھ کام کریں گے اور قصبے میں ٹریفک جامنگ کی بدعت پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرنے کے علاوہ ٹاؤن کی صفائی ستھرائی پر بھی توجہ مرکوز کریں گے تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔