پلوامہ:جنوبی ضلع پلوامہ کے آری ہل گاوں میں سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین انکاؤنٹر جاری ہے۔ پولیس کے مطابق اس تصادم میں ایک عسکریت پسند ہلاک ہو گیا ہے۔ فی الحال علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو سیل کرکے فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دیے ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کی شام کو فورسز نے جوں ہی پلوامہ کے آری ہل گاؤں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا تو اسی اثنا میں وہاں پر موجود عسکریت پسندوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔ انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران شدید گولیوں کاتبادلہ شروع ہوا۔ذرائع نے بتایا کہ پولیس ، فوج اور سی آرپی ایف نے آری ہل اور اس کے ملحقہ علاقوں کو پوری طرح سے سیل کرکے لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی۔ دریں اثنا پولیس کے ایک ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ پلوامہ کے آری ہل گاؤں میں سکیورٹی فورسز اور ملیٹینٹوں کے مابین تصادم جاری ہے۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک گاوں میں رک رک کر فائرنگ ہو رہی تھی۔