پلوامہ:جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں سید منطقی کالج آف نرسنگ، اسلامک یونیورسٹی اونتی پورہ نے گورنمنٹ ڈگری کالج ترال کے اشتراک سے آج منشیات کے متعلق جانکاری پروگرام کا اہتمام کیا، جس دوران طالب علموں کی ایک اچھی تعداد نے شرکت کی۔ اس دوران مقررین نے شرکاء کو منشیات کے برے اثرات سے آگاہ کیا، اور انہیں اس وباء سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔
پروگرام میں ترال کے نامور معالج اور قلم کار ڈاکٹر نثار احمد ترالی مہمان خصوصی کے بطور موجود رہے۔ نرسنگ کالج کی پرنسپل عصمت پروین اور ڈگری کالج ترال کے پرنسپل مشتاق احمد لون بھی پروگرام میں موجود رہے، جنہوں نے طالب علموں کو موضوع سے متعلق آگاہی فراہم کی۔
مقررین نے کہا کہ ضلع میں اس طرح کے آگاہی پروگرامز کا اہتمام کرکے عوام خصوصا نوجوانوں کو منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کر کے انہیں اس وبا سے دور رہنے کی تلقین کی جائے گی۔ انہوں نے منشیات کے خاتمہ کے لیے عوام کو آگے آنے اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون پیش کرنے کی اپیل کی۔