عیدالاضحی کے پیش نظر لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد جہاں منگل کو جنوبی کشمیر کے قصبہ پانپور کے بازاروں میں رونق لوٹ آئی لوگ سبزیاں، روٹی، ملبوسات و دیگر اشیاء کی خرید و فروخت کرنے میں مشغول نظر آئے وہیں بعض دکانداروں کی جانب سے عوام کو لوٹنے اور گراں فروشی کی خبریں بھی موصول ہوئیں۔
گراں فروشی اور زائد المعیاد اشیاء کی فروخت کی شکایات موصول ہونے پر منگل کو محکمہ مال، تحصیل انتظامیہ اور محکمہ سیول سپلائز پانپور نے علاقے کا دورہ کرکے گراں فروشی میں ملوث دکانداروں کے خلاف مشترکہ طور ایک مہم چلائی، وہیں عملے نے قصبہ پانپور اور کھریو کے معتدد دکانداروں سے زائدالمعیاد اشیاء ضبط کرکے ان سے جرمانہ بھی وصول کیا۔
اس موقعے پر قربانی کے جانور فروخت کرنے والے بیوپاریوں کے ریٹ لسٹ بھی چیک کئے گئے اور انہیں ہدایت دی گئی کہ انتظامیہ کی جانب سے مشتہر ریٹ لسٹ کے مطابق ہی جانور فروخت کیے جائیں۔