پلوامہ (جموں کشمیر) :جموں وکشمیر پولیس جو کہ یونین ٹیریٹری خاص کر وادی کشمیر میں عسکریت پسندی سے نمٹنے کے لیے ہر طرح کے اقدامات کر رہی ہے وہیں اب اس فورس کو مزید چاک و چوبند بنانے کے لیے اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پولیس اہلکاروں کو کمانڈوز کی ٹریننگ پر خاصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر ہفتہ کو کمانڈو ٹریننگ سینٹر، لیتہ پورہ، پلوامہ میں 307 کمانڈوز کی فلیگ آؤٹ پریڈ پر ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے بطور مہمان خصوصی شمولیت کی اور کمانڈوز کو نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ان تربیت یافتہ کمانڈوز نے حاصل شدہ تربیت کے چند پہلوؤں کا مظاہرہ کیا جس کو یہاں موجود آفیسران اور لوگوں نے خوب سراہا۔ اس دوران نمایش کرتے ہوئے ان کمانڈوز نے دکھایا کہ کس طرح ناکے کو توڈ کر جا رہے عسکریت پسند بھاگنے کی کوشش کر رہے ہیں اور عسکریت پسندوں کو یہ کمانڈوز ہلاک کر کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس واقعہ کو دیکھنے سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ عسکریت پسندوں سے نمٹنے کے لیے کسطرح ان کمانڈوز کو تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔