پلوامہ (جموں و کشمیر) :ترال سب ضلع میں طبی سہولیات کا فقدان عوام کے لیے سوہان روح بنی ہوئی ہے۔ سب ضلع اسپتال میں آج کے دور میں بھی بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے ساتھ ساتھ طبی اور نیم طبی عملہ کی کمی ایک سو بیس دیہات پر مشتمل وسیع علاقے کی آبادی کے لیے سنگین رخ اختیار کر رہی ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق گزشتہ ماہ سب ضلع اسپتال میں تعینات واحد آرتھوپیڈک ڈاکٹر سبکدوش ہوئے جس کے بعد عوامی سطح پر ایک متبادل کی مانگ شدت اختیار کر گئی اور بالا آخر محکمہ صحت نے پلوامہ سے ایک آرتھوپیڈک ڈاکٹر کو ہفتے میں تین یوم کے لیے تعینات کیا ہے جس سے عوام کو تھوڑی سی راحت ضرور ملی ہے تاہم عوامی حلقے یہ مانگ کر رہے ہیں کہ ایک آرتھوپیڈک ڈاکٹر کو مستقل یہاں تعینات کیا جائے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے ترال کے باشندوں نے کہا کہ کہ اسپتال میں آرتھوپیڈک ڈاکٹر کی عدم موجودگی سے روزانہ درجنوں مریضوں کو سرینگر یا وادی کے دیگر اسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے جو غریب بیماروں کے لیے کسی مصیبت سے کم نہیں ہے۔ مقامی باشندوں نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ترال علاقہ کافی وسیع ہے، جہاں طبی سہولیات کا فقدان پہلے ہی عوام کے لیے درد سر بنا ہوا ہے مگر اب ایک آرتھوپیڈک ڈاکٹر کو مکمل طور یہاں تعینات نہ کرنے سے عوام کی زندگیوں کے ساتھ کھیلا جا رہا ہے۔