پلوامہ (جموں و کشمیر) :ڈی ڈی سی ممبر، ترال، ڈاکٹر ہربخش سنگھ نے پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (پی ایم جی ایس وائی) کے تحت تعمیر ہو رہی کئی سڑکوں کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ ڈی ڈی سی ممبر نے مذکورہ محکمہ اور ٹھیکے داروں کی جانب سے کام بہتر ڈھنگ سے کرنے پر انکی ستائش کی، بعد ازاں ڈاکٹر ہر بخش سنگھ نے چھچکوٹ - ترال سڑک براستہ شکارگاہ کا بھی دورہ کیا اور وہاں ڈرین کی تعمیر اور دیگر معاملات کے حوالے سے پی ایم جی ایس وائی عہدیداروں سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر مقامی باشندوں نے کئی مسائل ڈی ڈی سی موصوف کی نوٹس میں لائے جن کو موصوف نے غور سے سنا اور ان پر ہمدردانہ غور و خوض کرنے کی یقین دہانی کی۔ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ہربخش سنگھ نے بتایا کہ عوامی نمائندہ ہونے کی حیثیت سے انہوں نے علاقے میں چل رہے دو بڑے پی ایم جی ایس وائی پروجیکٹس کا جائزہ لیا ہے، کیونکہ ان سڑکوں کی کشادگی اور میکڈمائزیشن سے ایک وسیع آبادی کو راحت ملے گی۔