پلوامہ:انسداد تجاوزات مہم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈی ڈی سی ممبر، آری پل، منظور احمد گنائی نے کہا ہے کہ ’’اس مہم سے مرکز اور کشمیریوں کی دوریاں مزید بڑھ جائیں گی۔‘‘ ڈی ڈی سی ممبر نے بدھ کو حلقہ آری پل کے واگڈ گاؤں میں کا دورہ کرنے اور عوامی وفود سے ملاقات کے بعد ان باتوں کا اظہار میڈیا کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔
منظور گنائی نے دعویٰ کیا کہ کہ انہیں امید تھی کہ مرکزی حکومت یہاں کے لوگوں کی دادرسی کے لیے کوئی پالیسی مرتب کرتی یا یہاں کے بے روزگار نوجوانوں کے لیے کوئی پالیسی مرتب کرتی تاہم ان سب کے برعکس یہاں بلڈوزر چلایا جا رہا ہے جس کی وجہ سے عوام میں تشویش پائی جا رہی ہے اور لوگ اپنےمستقبل کے لیے کافی فکرمند ہو رہے ہیں۔
گنائی نے بتایا کہ آری پل حلقے میں اگرچہ سرکاری زمین یا کاہچرائی زیادہ نہیں ہے تاہم اس کے باوجود بھی اگر انتظامیہ نے یہاں ڈوزر مہم شروع کی تو وہ اس کی مخالفت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ انتظامیہ کے خلاف نہیں ہیں تاہم اس مہم کی آڑ میں اگر غریب لوگوں کے آشیانے تباہ کیے جائیں گے تو وہ عوام کے ساتھ اس مہم کی مخالفت کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ ایک عوامی نمائندے ہے اور وہ عوام کی بہبودی کی ہمیشہ نمایندگی کرتے رہیں گے۔