ترال(پلوامہ):پنچایتی ممبران کی معیاد مقرر ہونے کے بعد جہاں اب ان کے اختیارات کو بی ڈی اوز کو سونپا گیا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اب لوک سبھا انتخابات کے ساتھ ہی پنچایتی انتخابات بھی منعقد ہوں تاکہ ترقی کے تسلسل میں کوئی کمی نہیں آئے۔ ان خیالات کا اظہار ڈی ڈی سی ممبر آری پل منظور احمد گنائی نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ ایک خصوصی بات چیت میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ستر سال کے بعد جس طرح مرکزی سرکار نے پنچایتی راج سسٹم کو یہاں لاگو کیا ہے وہ ایک بڑی کامیابی ہے،کیونکہ یہاں کی روایتی سیاسی پارٹیوں نے عوام کو اب تک کھوکھلے نعروں کے سوا کچھ بھی نہیں دیا ہے۔ انہوں نے پنچوں سرپنچوں کی طرف سے دیہی ترقی کے حوالے سے دی گئی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجموعی ترقی میں ان کے خدمات قابل تحسین ہیں۔
منظور گنائی نے بتایا کہ اس وقت ایل جی منوج سنہا کی زیر قیادت سرکار اچھے ڈھنگ سے کام کر رہی ہے، جبکہ ترال کے آری پل بلاک میں بھی جامع ترقی کا وہ خواب شرمندہ تعبیر ہوا ہے جس کا یہاں کے عوام کو عرصہ دراز سے انتظار تھا، تاہم کئی عناصر کو یہ بات ہضم نہیں ہو رہی ہے کیونکہ ان کو اپنے مفادات سے پیار ہے۔
منظور گنائی نے ڈپٹی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم کی ان کوششوں کو بھی سراہا جو وہ ضلع کے لیے کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بنگہ ڈار، پل جلد ہی منظور ہوگا۔