ترال:ڈی ڈی سی ممبر آری پل منظور احمد گنائی کے پی ڈی پی چھوڑنے کی خبر منظر عام پر آنے کے فوراً بعد کانگریس پارٹی کے ایک رہنما منپریت سنگھ مانی نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ منظور گنائی نے پی ڈی پی سے استعفیٰ دے کر عوامی مینڈیٹ کو دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گنائی نے عوام کے جزبات کا استحصال کر کے محض اپنے فائدے کے لیے پارٹی کو خیرباد کہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں کانگریس لیڈر منپریت سنگھ مانی نے کہا "2020 میں کانگریس ڈی ڈی سی امیدوار کے طور پر نامزدگی داخل کرنے کے بعد میں نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ترال میں لوگ کپڑوں سے زیادہ سیاسی پارٹیاں بدلتے ہیں اور بدقسمتی سے یہ رجحان 2023 میں بھی جاری ہے"۔ مانی نے یہ بھی کہا کہ ترال میں یہ کوئی نئی بات نہیں ہے، آج کل بہت سارے موقع پرست، سیاسی وفاداری تبدیل کر رہے ہیں اور مستقبل میں بھی ایسی خبریں سامنے آنے پر انہیں حیرانی نہیں ہوگی۔مانی نے کہا کہ صرف کانگریس پارٹی ترال کے لوگوں کے لئے 3 دہائیوں سے کام کر رہی ہے اور مستقبل میں بھی حالات سے قطع نظر یہ کام کرتی رہے گی۔