پلوامہ:ضلع بھر میں آج ’’پرشاسن گاؤں کی اور‘‘ کے عنوان سے منائے جا رہے ’’گڈ گورننس ہفتہ‘‘ کے سلسلے میں ’’سرکار ہر شہر کے دوار‘‘ کے تھیم کے تحت ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) پلوامہ، بصیر الحق چودھری نے پیئر گاؤں کا دورہ کرکے اس پروگرام کا افتتاح کیا۔ افتتاحی پروگرام میں اے ڈی ڈی سی پلوامہ ڈاکٹر شیخ عبدالعزیز، جنرل منیجر ڈی آئی سی، تحصیلدار پلوامہ، محکمہ تعلیم کے افسران، محکمہ دیہی ترقیات، زراعت، باغبانی کے دیگر متعلقہ افسران کے علاوہ بڑی تعداد میں مستفید ہونے والے افراد نے شرکت کی۔DC Pulwama Inaugurates Good Governance Week Programme
ڈی سی پلوامہ نے مختلف محکموں کی جانب سے لگائے گئے اسٹالز کا معائنہ کیا، تاکہ لوگوں کو حکومت کی طرف سے فراہم کی جا رہی خدمات اور اسکیموں کے بارے میں آگاہی فراہم کی جا سکے۔ اس موقع پر ڈی سی نے پی ایم جے اے وائی صحت اسکیم کے تحت مختلف استفادہ کنندگان میں گولڈن کارڈز بھی تقسیم کیے۔
تقریب کے دوران اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی نے کہا کہ ’’گڈ گورننس ویک‘‘ ہمیں ایک شفاف اور موثر پبلک ڈلیوری سسٹم بنانے اور گورننس کو مزید بہتر بنانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ گڈ گورننس پریکٹسز اور ایک بہتر پبلک ڈیلیوری سسٹم کو اپنائیں تاکہ عوام کو شفاف، موثر اور جوابدہ طرز حکمرانی فراہم کرنے کے حوالے سے حکومت کے عزم کو یقینی بنایا جاسکے۔