پلوامہ (جموں و کشمیر):ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ، ڈاکٹر بشارت قیوم، نے ضلع کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور دورے کے دوران انہوں نے ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف مقامات پر لوگوں کی جانب سے اجاگر کیے گئے مسائل کا بھی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ڈی سی نے گڈورہ پل پر جاری تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ یہ پل 17.19 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ ڈی سی نے متعلقہ ایگزیکیوٹنگ ایجنسیز کو ہدایت دی کہ وہ ترقیاتی کاموں میں تیزی لائیں اور عام لوگوں کی سہولت کے لیے کام کو مقررہ وقت پر مکمل کریں۔
ڈی سی نے گورنمنٹ گرلز اینڈ بائز پرائمری اسکول ناعمن کا بھی معائنہ کیا جہاں انہوں نے طالبات کے ساتھ بات چیت کی اور تدریسی عملے پر زور دیا کہ وہ قومی تعلیمی پالیسی کے تحت درج کردہ اہداف حاصل کریں۔ انہوں نے اسکول کے احاطے اور گرد و نواح کو صاف ستھرا اور پلاسٹک سے پاک رکھنے پر بھی زور دیا۔ ڈی سی نے قومی شاہراہ پر امرناتھ یاتریوں کے لیے کیے جا رہے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ پلوامہ کے دائرہ اختیار میں آنے والی شاہراہ کے کناروں پر عوامی سہولیات بشمول پینے کے پانی کی فراہمی اور ایمبولینس خدمات کے انتظامات بہم رکھے جائیں۔