سرینگر (جموں و کشمیر) :یونین ٹیریٹری جموں و کشمیر خاص کر وادی میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی جانب سے میڈیکل کیمپس کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں سی آر پی ایف کی 180 اور 110 بٹالین کی جانب سے جنوبی کشمیر کے لیتہ پورہ ہائر سیکنڈری اسکول میں ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ طبی کیمپ کا افتتاح ایک مقامی بزرگ نے کمانڈنگ آفیسر 110 یوگیش پروہت کی موجودگی میں کیا۔
کیمپ میں سماج کے مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ماہر ڈاکٹروں کی مشاورت سے استفادہ حاصل کیا۔ طبی کیمپ میں آئے لوگوں نے کیمپ کے انعقاد پر سی آر پی ایف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’علاقہ چونکہ انتہائی پسماندہ ہے اس لئے ایسے کیمپس منعقد کرانے سے یہاں کے باشندوں کو بڑی حد تک فائدہ حاصل ہوا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ایسے کیمپ مستقبل میں بھی منعقد ہونے چاہئیں۔‘‘ مقامی شہریوں نے بتایا کہ اس قسم کے میڈیکل کیمپ منعقد کیے جانے سے غریب لوگ سب سے زیادہ مستفید ہو رہے ہیں اور اس طرح اگر ایسے کیمپ مستقبل میں منعقد کیے جاتے تو لوگوں کے لیے بہتر ہوتا۔ اس دوران سی آر پی ایف 185 بٹالین اور سی آر پی ایف 110بٹالئن کے کمانڈنگ آفیسرز بھی موجود رہے، جنہوں نے از خود کیمپ کا جائزہ لیا۔