اونتی پورہ( پلوامہ):سرینگر کے تاریخی لال چوک سے سی آر پی ایف خواتین ونگ کی جس بائیک ریلی کو آج ایل جی منوج سنھا نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا، اس ریلی کے استقبال کے لیے سی آر پی ایف 130 بٹالین کی جانب سے ٹول پلازہ اونتی پورہ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں ڈی آئی جی سی آر پی ایف آلوک اوستھی، اس کی اہلیہ نیتی آوستھی، صدر ایم سی اونتی پورہ شمیمہ رینہ کے علاوہ گورنمنٹ ہایر سیکنڈری اسکول کے طلبہ اور عام لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر طلبہ نے ہاتھوں میں ترنگے اور بینر اٹھا کے رکھے تھے ،جن پر بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ کے نعرے درج تھے۔
اس موقع پر سی آر پی ایف خواتین بائیکرس کو گل دستے پیش کر کے ان کا استقبال کیا گیا۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایک بائیکر خاتون نے بتایا کہ اس ریلی کا مقصد بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ کے نعرے کو گھر گھر تک پہنچانا ہے اور اس ریلی کے ذریعے ہم ملک کے عوام کو ایکتا کی طرف لینا چاہتے ہیں۔
میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے مہمان خصوصی نیتی آوستھی نے بتایا کہ اس ریلی سے نہ صرف کشمیر بلکہ ملک کے تمام خواتین میں یہ پیغام جائے گا کہ جب یہ خواتین ملک کا نام روشن کر سکتی ہیں تو ہم کیوں نہیں کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ریلی سے کشمیر کے نوجوان لڑکیوں کے ذہن میں مثبت تبدیلی آسکتی ہے۔
اس موقع پر موجود ایم سی اونتی پورہ کی صدر شمیمہ رینہ نے بتایا کہ وہ یہاں ان خواتین بائیکرس کا استقبال کرنے کے لیے آئی ہیں، کیونکہ یہ خواتین ہمارے لیے رول ماڈل ہیں اور ان کو دیکھ کے ہمیں بھی ہمت بڑتی ہے۔