پلوامہ:جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی 182 بٹالین نے ٹہاب علاقے میں ’’کھیلو انڈیا میتری‘‘ کے تحت والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد عمل میں لایا۔ ٹورنامنٹ میں ٹہاب اور اس سے ملحقہ علاقوں کی 6 ٹیموں نے شرکت کی۔ فائنل مقابلہ نائرہ اور چندگام کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں چندگام نے دو پوائنٹ سے جیت درج کرکے اس ٹورنامنٹ کو اپنے نام کر لیا۔
اس موقع پر کھلاڑیوں نے سی آر پی ایف کے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ ’’اس طرح کے ٹورنامنٹ کا انعقاد آگے بھی کیا جانا چاہئے تاکہ نوجوان نسل کھیل کود کے ساتھ منسلک ہو جائے اور انہیں اپنے ہنر کو نکھارنے کا بھی موقع مل سکے۔‘‘ ادھر، زونل فزیکل آفیسر منظور احمد نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کھیل کود کے ساتھ ساتھ سی آر پی ایف بھی نوجوانوں کو کھیل کود کے ساتھ منسلک رکھنے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے جو کہ ایک اچھی پہل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف نوجوان نسل جسمانی طور بلکہ ذہنی طور پر بھی تندرست رہ سکتے ہیں۔