پلوامہ (جموں و کشمیر) :ضلع پلوامہ کے زراڈی ہارڈ، ترال علاقے میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی جانب سے مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ سی آر پی ایف 180 بٹالین کی جانب سے منعقدہ مفت طبی کیمپ میں زراڈی ہارڈ اور اس کے مضافات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شمولیت کی جن کا ماہر ڈاکٹروں نے علاج و معالجہ کیا اور ان میں مفت ادویات بھی تقسیم کی گئیں۔ مقامی باشندوں نے سی آر پی ایف کے اس اقدام کو سراہا اوراس بات کی اپیل کی کہ ایسے کیمپ مستقبل میں بھی منعقد کیے جائیں۔
مقامی سرپنچ محمد خلیل نے سی آر پی ایف کی سراہنا کرتے ہوئے ان کی ستائش کی۔ ایک مقامی شہری غلام عباس نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ سی آر پی ایف کی جانب سے دور دراز اور پسماندہ علاقے میں اس طرح کے مفت میڈیکل کیمپ منعقد کیے جانے سے غریب لوگوں کو کافی راحت پہنچتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کے باوجود مفت طبی کیمپ میں لوگوں کی کثیر تعداد میں شرکت سے یہ بات واضح اور ثابت ہوتی ہے کہ اس علاقے میں صحت عامہ کے حوالے سے رہائشیوں کو دقتوں کا سامنا ہے۔ غلام عباس نے سی آر پی ایف کے اس اقدام پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔